شعبان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہو گا

16 اپریل 2018

اسلام آباد (اے پی پی) شعبان المعظم 1439ھ کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (آج) پیر کو کراچی میں ہو گا جس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے۔ اسی طرح زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے حکام نے بتایا کہ علاقائی اور ضلعی کمیٹیوں کے ارکان اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں منعقد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چاند کے نظر آنے کے بارے میں شہادتیں رویت ہلال کمیٹی کے دفاتر کے مختلف نمبروں پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان مرکزی چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے۔