انتخابی فہرستیں منجمد ہونے میں صرف 9 دن رہ گئے ، صوبائی الیکشن کمشنر کا اعلان
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2018ئ کی تیاریوں کے باعث انتخابی فہرستوں میں اندراج، اخراج و درستگی کیلئے صرف 9 دن رہ گئے ہیں۔ لہٰذا عوام 24اپریل سے پہلے قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفتر ضلعی الیکشن کمشنر سے رجوع کریں اور ووٹ کی معلومات کیلئے شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے اندراج/ منتقلی کیلئے فارم 15، اخراج/ اعتراض کیلئے فارم 16 اور کوائف کی درستگی کیلئے فارم 17الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ(www.ecp.gov.pk) پر بھی دستیاب ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے مزید کہا کہ فارم جمع کراتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ضروری ہے جبکہ متعلقہ فارم کے ساتھ شناختی کارڈ کی کاپی لازمی منسلک کریں۔