افغانستان: طالبان کے حملے، گورنر سمیت 18 افراد ہلاک
کابل(این این آئی)مغربی افغانستان میں طالبان کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے ایک حملے کے نتیجے میں گیارہ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ۔دوسرے حملیمیں گورنر سمیت سات افراد مارے گئے۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں نے مغربی افغان صوبے ہرات کے شنڈنڈ ضلع میں ہونے والے اس حملے میں پولیس کی دو گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں، جب کہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اس حملے میں طالبان نے پولیس اہلکاروں کے زیراستعمال ہتھیار اور گولا بارود بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔صوبائی گورنر کے ایک ترجمان جیلانی فرہاد نے بتایا کہ قریب دو گھنٹے تک پولیس اہلکاروں اور مسلح جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ضلعی گورنر شکراللہ شاکر نے اس واقعے اور ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی ۔ انہوں نے بتایا کہ جس مقام پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر یہ حملہ کیا گیا وہ ضلعی مرکز سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر قائم تھی۔یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب جنوب مشرقی افغان صوبے غزنی میں ایک اور حملے میں طالبان نے مقامی گورنر سمیت سات افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ عسکریت پسندوں نے وہاں ایک ضلعی حکومتی دفتر پر حملہ کیا تھا۔