شہباز شریف کا دوبارہ اقتدار میں آ کر دوسرے صوبوں کو پنجاب کی طرح ترقی دینے کا عزم

16 اپریل 2018

مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز کراچی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق مل کر پاکستان کو عظیم ریاست بنائیں گے، اللہ نے موقعہ دیا تو سندھ اور خیبر پی کے‘ کی حالت بھی بدل دیں گے۔ بحیثیت صدر مسلم لیگ ن اُن کا کراچی کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اُنہوں نے اس دورے میں میئر کراچی وسیم اختر، علماء، وکلاءاور تاجر برادری کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اُنہوں نے اس موقع پر ملنے والوں کو یہ بھی بتایا کہ کراچی میں امن کا کریڈٹ نواز شریف، جنرل باجوہ اور (ر) جنرل راحیل شریف کو جاتا ہے۔
قائداعظم کی مسلم لیگ اب متعدد دھڑوں میں بٹ چکی ہے۔ لیکن مسلم لیگ ن کے بارے میں عام آدمی بھی یہ سمجھتا ہے اور اس کی قیادت بھی، اس امر کی دعویدار ہے، کہ وفاق اور پنجاب میں برسرِاقتدار مسلم لیگ ہی قائد اعظم کے نظریات کی حقیقی وارث ہے، چنانچہ دوسری سیاسی جماعتوں کے برعکس مسلم لیگ ن پر قائداعظم کے وارث ہونے کا دعویٰ رکھنے کے باعث خاص طور پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ، وہ بابائے قوم کے مشن اور وژن کے مطابق وطن عزیز کو اسلام کا قلعہ‘ عظیم اور ناقابلِ تسخیر‘ ترقی یافتہ‘ خوشحال اور روشن خیال ریاست بنانے کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھے۔ مسلم لیگ ن نے تقریباً گزشتہ پونے پانچ سال کے دوران کئی ایسے کام کئے ہیں‘ جن سے ظاہر ہوتا ہے، کہ وہ بانی¿ پاکستان کے مشن اور وژن کی تکمیل کے بارے میں مخلص ہے۔ ملک سے دہشت گردی اور کراچی سے لاقانونیت کا خاتمہ ، سی پیک منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنا، اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانا، اپنی اپنی جگہ پر ہر کام کارنامہ سے کم نہیں۔ اسی طرح پنجاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جو کہ مسلم لیگ ن کے صدر بھی ہیں‘ قیادت میں مثالی ترقیاتی و عوامی بہبود کے کاموں کی عالمی سطح پر تحسین کی جا رہی ہے۔ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پنجاب سپیڈ نے خصوصی اصطلاح کی صورت اختیار کر لی ہے۔ اور باقاعدہ اس کے حوالے دئیے جاتے ہیں، خود ملک کے اندر بھی پنجاب کی ترقی کو رول ماڈل کی حیثیت حاصل ہے۔ چنانچہ ملکی اور پنجاب کی سطح پر ہونے والی ترقی کو دیکھتے ہوئے، مسلم لیگ ن کے سربراہ کے ان وعدوں کو کھوکھلے نعرے نہیں قرار دیا جا سکتا، کہ اگر آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کوکامیابی ملی، تو پنجاب کو رول ماڈل بنا کر ترقی کے ثمرات سندھ، بلوچستان اور خیبر پختون خوا تک پہنچائیں گے۔ ویسے بھی جن لوگوں نے کام کئے ہیں، اُنہیں حق پہنچتا ہے، کہ وہ عوام کے سامنے اپنی خدمات رکھیں اور ان کے حوالے سے توقع رکھیں کہ عوام اُنہیں خدمت کا دوبارہ موقع دیں گے۔

کراچی سے نیو یارک

کراچی پہنچ کر وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی کو نیو یارک بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ...