قائداعظم سٹیڈیم کی حالت دگرگوں‘ گراؤنڈز جڑی بوٹیوں سے بھر گئے

16 اپریل 2018

بورے والا(نامہ نگار)تحصیل سپورٹس آفیسر بورے والا کی سٹیڈیم،کھلاڑیوں اور کھیلوں سے عدم دلچسپی اور ڈیوٹی سے اکثر غائب رہنے سے قائداعظم سٹیڈیم کے گرائونڈز میں جڑی بوٹیوں کی بہتات اور عدم دیکھ بھال نے کھیلوں کے میدان ویران کر دئیے ہیں سٹیڈیم کی عقبی دیوار نہر کی جانب سے عرصہ دراز سے ٹوٹ چکی ہے جہاں سے نشے کے عادی افراد داخل ہو کر گرائونڈ میں بیٹھ کر نشہ کرتے نظر آتے ہیں کروڑوں کی لاگت سے بننے والے جمنیزیم کے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہو رہے سٹیڈیم کے عملہ میں کمی کی وجہ سے ڈیلی ویجز ملازمین نے بھی ہاتھ کھڑے کر دئیے ہیں سٹیڈیم کی دیکھ بھال،کھلاڑیوں کے مسائل کے حل اور کھیلوں کی ترویج کے لیے قائم تحصیل سپورٹس کمیٹی کے اجلاس میں غیر معمولی تاخیر سے بہت سے مسائل نے سر اٹھا لیا ہے کھلاڑیوں اور سپورٹس تنظیموں کی جانب سے گرائونڈ اور کھلاڑیوں کے مسائل کے حل پر توجہ دینے کی بار بار درخواست کے باوجود تحصیل سپورٹس آفیسر نے چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے مقامی سپورٹس تنظیموں نے ڈی سی وہاڑی اور اسسٹنٹ کمشنر بورے والا سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔