کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ‘ جماعت اسلامی 20 اپریل کو احتجاج کرے گی

16 اپریل 2018

کراچی (صباح نیوز)تپتی گرمی میں شدید لوڈشیڈنگ نے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی کئی کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہنے لگی،شہریوں نے حکام بالاسے بجلی بحران پر قابو پانے کی اپیل کردی، جماعت اسلامی نے 20 اپریل کو وزیر اعلی ہاﺅس کے سامنے احتجاج اور 27 اپریل کو ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے شہر ی پریشان ہوکر رہ گئے،کہیں 8گھنٹے کہیں10 گھنٹے بجلی کا نام و نشان نہیں،تو کہیں12،12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا۔ ملیر ہو یا کورنگی، لیاقت آباد ہو یا نارتھ کراچی، ڈیفنس اورگلشن اقبال جیسے پوش علاقوں میں بھی گھنٹوں بجلی کی عدم فراہمی نے شہریوں کا جینا دوبھرکردیا ۔کے الیکٹرک کے خلاف اب عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتیں بھی سراپا احتجاج ،امیر جماعت اسلامی کراچی نے کے الیکٹرک کے خلاف 27 اپریل کو ہڑتال کا اعلان کردیا۔کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے اپنے آئل سے چلنے والے پلانٹ بند کئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے20 اپریل کو وزیر اعلی ہاﺅس کے سامنے احتجاج کرنے کا بھی اعلان کیاہے۔
لوڈشیڈنگ