شیر آیا کے نعروں سے انتخابی دفتر کا افتتاح، ہزاروں افراد موجود تھے
لاہور (خصوصی رپورٹر + لیڈی رپورٹر) سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز اور ان کی دختر مریم نواز شریف نے ہزاروں افراد کے ”شیر آیا شیر آیا“ کے نعروں کی گونج میں لوئر مال پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے انتخابی دفتر (این اے 120) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر حمزہ شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، پرویز ملک، میاں مرغوب احمد، بلال یٰسین، ملک ریاض، سردار ایاز صادق، خواجہ عمران نذیر، اعجاز احمد خان، مہر اشتیاق، بیگم نزہت عامر، راحیلہ عیسیٰ، نسیم بانو، رخسانہ کوثر، صغریٰ عائشہ، زاہدہ امداد، یاسمین افق، ڈاکٹر نبیلہ طارق، عثمان تنویر بٹ، ملک محمود الحسن، سردار نسیم اور دیگر عہدیدار نمایاں تھے۔ ہزاروں کارکن لوئر مال پر پی ایم جی آفس سے کچہری چوک تک پھیلے ہوئے تھے۔ کارکنوں نے شیر کے ماڈل اٹھا رکھے تھے۔ انتخابی دفتر کے افتتاح کے بعد قائدین کے خطاب کا انتظار کیا گیا تھا مگر ہجوم بے قابو ہونے سے لاﺅڈ سپیکر کے تار ٹوٹ گئے۔ بیگم کلثوم نواز اور مریم نواز شریف کے ساتھ مسلم لیگی عہدیداروں، ارکان کی ریلی جب انتخابی دفتر کے سامنے پہنچی تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جس سے سڑک سرخ ہو گئی۔ انتخابی دفتر کا افتتاح یوں تو سیاسی شو تھا مگر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے جوش و خروش نے اسے جشن بہاراں کے میلے میں تبدیل کردیا۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ سے بیگم کلثوم نواز، مریم نواز شریف، حمزہ شہاز شریف، خواجہ سعد رفیق اور پرویز ملک کی قیادت میں بسوں، ویگنوں، موٹر سائیکلوں پر مشتمل ریلی کی روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا نواز شریف کی انتخابی مہم کا آغاز اللہ کے پاک نام سے شروع کر رہے ہیں پوری قوم کی نگاہیں نواز شریف پر لگی ہیں۔ نواز شریف ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک کو درپیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہو سکیں گے۔ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں اللہ اور عوام کی تائید سے کامیاب ہو گی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں تبدیلی کے لئے عملی طور پر کام کر رہی ہے۔ اللہ نے موقع دیا تو پنجاب کے بعد ہم پاکستان بھی بدلیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ماضی گواہ ہے کہ پاکستان کو نواز شریف کی قیادت میں ایٹمی ملک بنایا۔ میگا پراجیکٹس کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پرڈالا۔ مواصلات کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔ بطور اپوزیشن جمہوری نظام مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آنے والے دنوں میں بھی مسلم لیگ (ن) پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔ عوام بڑھک باز سیاستدانوں اور کرپٹ مافیا کو مسترد کرکے مسم لیگ ن کو کامیاب بنائیں گے۔ پرویز ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کو قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنانے کا عزم رکھتی ہے۔ عوام مسلم لیگ ن کوووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔