سب سے پہلے پنجاب کے نگران وزیراعلی نجم سیٹھی صاحب کو بہت مبارک باد۔ محترم نجم سیٹھی کا نام سُنتے ہی بے ساختہ سال پہلے وہ سپرہٹ فلم ”نائیک“ کی تصویر میرے ذہن میں گھومنا شروع ہو گئی۔ جہاں مشہور اداکاربڑے صوبے کے بطور وزیر اعلی فرائض انجام دے رہا تھا۔یہ اداکارسیاست یعنی عوام کو کھوکھلے نعروں، کرپشن سے بھرمار حکومت اور بے بہا جھوٹے وعدے کی سیاست کو تھامے ہوئے تھے کہ اچانک وہ ایک مشہور ٹی وی چینل کو LIVE انٹرویو دیتے ان کے پروگرام میں تشریف لے جاتے ہیں۔ جہاں ان کا ٹاکرا اس مشہور چینل کے ہوشیار اینکرسے ہوتا ہے اور پھر سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ اس مشہور اینکر کا کردار صف اول کا اداکار نبھا رہا تھا، سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوتا ہے اور فلمی اینکر اپنے تیکھے اور حقائق پر مبنی سوالوں سے مُ وزیر اعلیٰ کو لاجواب کر دیتا ہے۔
پچھلے دس سال سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ الیکڑانک میڈیا نے پرنٹ میڈیا کو مات دے دی ہے۔ ہر چینل پر کوئی نہ کوئی اینکر روزانہ ٹاک شو کے دوران کسی ایک سیاسی یا انتظامی شخصیت یا تین چار مختلف پارٹیوں کے نمائندوں کو اپنے پروگرام میں بلا کر تیکھے سوالات کرتے رہتے ہیں اور اپنے پروگرام میں ایسی عدالت لگاتے ہیں جیسے سچائی کے پیکر یہی لوگ ہیں اور باقی سب جھوٹ ہے اور پارٹیوں کے نمائندے انکے سامنے مجرم بنے بیٹھے ہوتے ہیں۔ جہاں ہمیشہ سیاستدانوں کی تذلیل اور تضحیک کی جاتی ہے۔نجم سیٹھی پنجاب کے نگران وزیرِاعلیٰ کے منصبِ جلیلہ پر فائز ہیں۔میڈیا ان کے بھی پیچھے پیچھے ہے۔وہ کئی انٹرویوز دے چکے،میڈیا کا سامنا کر چکے اور ایسے ان پر مزید کئی مقامات آئیں گے۔ نجم سیٹھی کو یہ ثابت کرکے دکھانا ہے کہ پروگرام میں بولنا آسان ہے یا عمل کرنا۔ اب آتے ہیں نجم سیٹھی سے کچھ تیکھے سوالات کی جانب جو ان سے عوام کا نمائندہ کرنا چاہتا ہے۔ نجم سیٹھی کو45 دن سے زیادہ کا وقت ملا ہے۔
کیا نجم سیٹھی فیئر اور شفاف الیکشن کا انعقاد کروا سکیں گے؟
کیا نجم سیٹھی آرٹیکل62 اور 63 پر عملدرآمد کروا سکیں گے۔ کیا نجم سیٹھی جعلی ڈگری ہولڈرز کو سزا دلوا سکیں گے؟۔
کیا نجم سیٹھی الیکشن کمشن کی خواہش کے مطابق الیکشن کمپین میں اخراجات پر کنڑول کروا سکیں گے؟
پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے تمام اداروں پر پروٹوکول جیسی لعنت کو ختم کروا سکتے ہیں؟ اپنے ہی ٹی وی پروگرام آپس کی بات کے مطابق تعلیمی نصاب ایک کر سکتے ہیں اور نچلی سطح پر پنجاب میں نظام تعلیم کو بہتر کر سکتے ہیں اور پرائیویٹ اداروں کو لٹنے سے روک سکتے ہیں؟
اپنی نگران حکو مت میں ملاوٹ کرنیوالوں اور ذخیرہ اندوزوں کو کڑی سزا دلوا سکتے ہیں؟ پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے دوسرے صوبوں کی محرومیوں کو دور کر سکتے ہیں؟صحت اور تعلیم کے نظام کو ہر غریب آدمی کی پہنچ میں لا سکتے ہیں اور انتظامی سطح پر سادگی کو اپنا سکتے ہیں؟الیکشن سے پہلے نجم سیٹھی پنجاب کو اسلحہ سے پاک کر سکتے ہیں۔ چاہے وہ اسلحہ لائسنس یافتہ ہو یا غیر لائسنس یافتہ؟الیکشن سے پہلے انتظامی مشینری کو غیر جانبدار اور ایماندار لوگوں کو اپنی ٹیم میں شامل کر سکتا ہے؟ اپنی ٹیم میں ماہر نوجوانوں کو اپنی نگران حکومت کا حصہ بنا سکتے ہیں تاکہ اچھے کام کرنے والے مخلص لوگ اس نگران سیٹ اپ کا حصہ بنیں۔
نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے بطور اینکر تو اپنی صلاحیتیوں کو منوایا ہے۔ میں چاہوں گا کہ تمام ٹی وی اینکرز اپنا ایک ایک اچھا مشورہ جو ملک کی بہتری کیلئے ہو وہ نجم سیٹھی کو دیں کیونکہ اب تمام ٹی وی اینکرز کی نمائندگی اور انکی عزت نجم سیٹھی کے ہاتھ میں ہے یعنی اب دیکھنا یہ ہے کہ اب باتیں کرنیوالوں کی جیت ہو گی یا عمل کرنیوالوں کی کیونکہ میرے دوست پکچر ابھی باقی ہے!
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024