مضرصحت خوراک کی فروخت کیخلاف کریک ڈائون بھاری جرمانے
کوئٹہ‘ لسبیلہ (اے پی پی‘ نامہ نگار) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی سردار عبدالرحمان کھیتران کی ہدایت پر بی ایف اے کا صوبہ کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں ناقص و غیر معیاری خوراک اور ممنوعہ اشیاء کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 27 متفرق مراکز پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے۔کوئٹہ شہر میں بی ایف اے کی تین الگ الگ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے انسپیکشن کے دوران 20 کھانے پینے کے مراکز کو جرمانہ کیا جن میں 7 جوس کارنرز کو بڑی مقدار میں سٹور شدہ باسی پھل کی برآمدگی اور جوس کی تیاری میں غیر معیاری فوڈ کلرز کے استعمال جبکہ 6 ہوٹلز اینڈ فوڈ کارنرز کو مختلف وجوہات کچن میں صفائی و نکاسی آب کے ناقص انتظامات، کھانوں کی تیاری میں غیرمعیاری و کھلا کوکنگ آئل، چائنیز نمک و نان فوڈ گریڈ کلرز استعمال کرنے پر جرمانہ کیا۔۔علاوہ ازیں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے بیلا (ضلع لسبیلہ) میں متفرق کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران 2 بیکنگ پلانٹس کو ناقص و کھلا خوردنی تیل استعمال کرنے اور تیار اشیاء کی نامناسب سٹوریج، 3 ہولسیلرز کو ایکسپائرڈ کوکنگ آئل کی برآمدگی و ممنوعہ اشیاء کی فروخت، 1 پان شاپ کو مضر صحت ماوا و گٹکا اور زائد المعیاد ٹکی ٹافیاں رکھنے پر جرمانہ کردیا، اس دوران بی ایف اے حکام نے چھوٹے پیمانے پر ماوا بنانے والی فیکٹری بھی پکڑ لی،فیکٹری مالک کو آئندہ ماوا کی تیاری نہ کرنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔مزید برآں کوئٹہ اور بیلا میں کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی ممنوعہ، زائد المعیاد اور مضر صحت اشیاء کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی گئی۔