آرمی چیف کا کورہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کورہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو اپریشنل تیاریوں‘ تربیتی نظام اور کور کے انتظامی امور پر مفصل بریفنگ دی گئی‘ انہیں صوبے میں داخلی سلامتی کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے خطے کی تازہ ترین صورتحال کے تناظر میں ہائبرڈ خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے پوری قوم کی جانب سے اجتماعی طور پر جواب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ دورے کے اختتام پر آرمی چیف نے شہداء کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور کورہیڈ کوارٹرز حکام کو شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
یہ حقیقت ہے کہ اس خطے میں بھارت ہی وہ واحد ملک ہے جس کے توسیع پسندانہ عزائم اور پاکستان کی سلامتی کیخلاف اسکی شروع دن کی بدنیتی کے باعث علاقائی امن و سلامتی کو ہمہ وقت خطرہ لاحق رہتا ہے۔ چونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اس لئے بھارت کی کسی شرارت اور جارحانہ عزائم کے نتیجہ میں دونوں ممالک میں جنگ کی نوبت آتی ہے تو یہ روایتی جنگ ہرگز نہیں ہوگی اور محض لمحے کی بات ہوگی۔ اس سے ہونیوالی تباہی صرف اس خطے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورا کرۂ ارض اسکی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ اسی لئے پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحانہ توسیع پسندانہ عزائم کی بنیاد پر عالمی برادری بشمول نمائندہ عالمی اداروں سے تقاضا کیا جاتا ہے کہ بھارتی جارحانہ ہاتھ روکنے کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اگر اقوام عالم نے بھارت کے معاملہ میں مصلحتوں کی چادر لپیٹ رکھی ہے تو پاکستان نے تو بہرصورت اپنی سلامتی کے تحفظ و دفاع کیلئے جو بھی ممکن ہو‘ اقدامات اٹھانے ہیں۔ اسی تناظر میں ہماری مسلح افواج ملک کی سلامتی کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں اور اس مکار دشمن کی ہر سازش اور جارحیت کا فوری مسکت جواب دیا بھی جاتا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اسی حوالے سے صوبائی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرتے ہیں اور کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں پر جا کر بھی پاک فوج کی اپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ہمیں شاطر دشمن کے مقابل اپنے گھوڑے بہرصورت تیار رکھنے ہیں جبکہ عساکر پاکستان دفاع وطن کا ہر تقاضا نبھانے کی صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ آج پاکستان کی سلامتی کیخلاف بھارتی سازشیں ڈھکی چھپی نہیں رہیں جس نے افغان سرزمین کو بھی پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کیلئے استعمال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جبکہ دہشت گردی کا ملبہ بھی وہ پاکستان پر ڈال کر اسے عالمی برادری میں تنہا کرنے کی کوشش کرتا ہے تاہم عالمی برادری ایسے بھارتی عزائم سے آج مکمل آگاہ ہے اور پاکستان کے جاری کئے گئے گزشتہ روز کے ڈویزیئر سے بھارتی مکروہ چہرہ مزید بے نقاب ہوا ہے۔ یہ امر واقعہ ہے کہ دفاع وطن کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے اس لئے ملک کی سلامتی کیخلاف دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔