اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔
نمائندہ ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں کراچی کے عوام کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا فیصلہ پیش کیا جائے گا جبکہ ای سی سی کے 2 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں پائلٹس کے مشکوک لائسنز کی منسوخی کے معاملے پر غور کیا جائے گا اور وفاقی کابینہ میں آئینی ترمیم بل 2020 پیش کیا جائے گا۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ اور نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے سی ای اوز کی تعیناتی کی سمری بھی پیش کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس مین مسابقتی کمیشن میں ممبر کی تعیناتی کی سمری بھی پیش کی جائے گی اور سول سروس اکیڈمی کے اسٹیٹس کا معاملہ پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پشاور، لاہور اور راولپنڈی میں اسپیشل کورٹ کے ججز کی تعیناتیوں کی سمریاں پیش کی جائیں گی۔
جدید جیل کی تعمیر کے لیے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں ترمیم کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
واضح رہے کہ ای سی سی نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 2.89 روپے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دے رکھی ہے۔