پنڈی گھیب میں مکیال کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرگیا، پائلٹ محفوظ
پنڈی گھیب: پاک فضائیہ کا ایک طیارہ پنڈی گھیب میں مکیال کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ خوش قسمتی سے طیارے کا پائلٹ حادثے میں محفوظ رہا۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پنڈی گھیب میں مکیال کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے، زمین پر کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ واقعہ کی وجوہات جاننے کے لئے ائیر ہیڈ کوارٹرز نے ایک اعلیٰ سطحی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں امدادی ٹیمیں روانہ ہوچکی ہیں۔
اس سے قبل مارچ2020 میں بھی پاکستانی فضائیہ کا ایف16 طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والا ایف 16 طیارہ بھی 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل کا حصہ تھا اور اس حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے تھے۔
فروری2020 میں بھی صوبہ پنجاب کے علاقے شورکوٹ کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا جس میں پائلٹ محفوظ رہا۔ میراج طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا۔
جنوری2020 میں بھی میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہو گئے تھے۔
پاک فضائیہ کا طیارہ FT-7 معمول کی تربیتی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمٰن شہید ہوئے۔