سندھ ہائیکورٹ کا 4 پولیس افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم
کراچی(این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے چار سال سے لاپتا سمیر کی بازیابی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا،عدالت نے چار پولیس افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم بھی دے دیاہے۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ نے چار سال سے لاپتا سمیر کی بازیابی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ چار سال تک پولیس نے تفتیش کے نام پر درخواست گزار کو صرف دھوکہ دیا۔تفتیشی افسران نے بنیادی کام بھی نہیں کیا، جس مسافر بس سے مبینہ طور پر لاپتا شہری کو اتارا گیا اس بس مالک سے بھی تفتیش نہیں کی گئی۔عدالت نے چار پولیس افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت تک لاپتا شہری کو بازیاب نہ کرایا گیا تو متعلقہ تفتیشی افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔عدالت نے کہا کہ عبدالحفیظ کو گرفتار کرنے والے سی ٹی ڈی افسران کے خلاف بھی مقدمہ درج کرائیں گے،عدالت نے لاپتا افراد سے متعلق کیس کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔