اپوزیشن جماعتیں متحد ‘ مقدس ہستیوں کی توہین قبول نہیں:غفور حیدری
کراچی (نیوزرپورٹر)جمعیت علما اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہونے جارہی ہیں،اے پی سی میں مضبوط فیصلے کئے جائیں گے،فرقہ واریت مذہبی طبقے کی نہیں حکمرانوں کی ضرورت ہے،ختم نبوت قانون کا تحفظ سب کا فرض ہے،مقدس ہستیوں کی توہین ناقابل برداشت ہے،کراچی کی جداگانہ حیثیت مسائل کا حل نہیں،سندھ تقسیم کرنے کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے،29 اکتوبر کو کراچی میں تاریخ ساز جلسہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع غربی کے تحت شیرشاہ میں منعقدہ عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس سے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو، مولانا عبد الکریم عابد،اسلم غوری،سابق پارلیمانی لیڈر مولانا عمرصادق، مولانا شیریں محمد، مولانافخرالدین رازی، قاری نصیرالدین سواتی، مولانا نورالحق،مفتی فضل مولاجدون، ڈاکٹر اکبرخان،حافظ محمدنعیم، حاجی محمودخلجی،مولانا محمد بلال اورمفتی فیض الحق نے خطاب کیا،اس موقع پربزنس فورم سندھ کے صدرامین اللہ، مولانا سعیدسرور،بابرقمرعالم،حافظ حبیب الرحمن خاطر ،نیک امان اللہ مسعود،ثنا اللہ شینواری،محمد اسرارالدین، زاہدشاہ ہاشمی، ناصر راجپوت، سیف اللہ محسود،ذوالفقار،نثارحنفی، محمد عطا اللہ، قاری عبدالقدیم سمیت شیرشاہ کے جید علمائے کرام، مہتممین مدارس، آئمہ مساجد اور سماجی وسیاسی رہنما بھی موجودتھے،اس موقع پر انجمن تاجران شیرشاہ کے جنرل سیکرٹری اور پی پی پی کے سینئر رہنماڈاکٹر اکبرخان نے 25 ساتھیوں سمیت جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا،امیرضلع مولانا عمرصادق نے مہمانوں اورشرکاکا شکریہ ادا کیا،جلسہ عام میں ہزاروں افراد شریک ہوئے،جلسہ عام سے قبل شیرشاہ کی تمام چوراہوں وشاہراہوں کو پرچم نبوی سے سجایا گیا جبکہ جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز اور قد آور پینافلیکس لگائے گئے تھے،قائدین کو جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ تک لایا گیا اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ موٹر وے سانحہ نہایت افسوسناک حکومتی غفلت اور نااہلی کا آئینہ دارہے،معاشرے میں لوگوں کی جان ومال اور عزت آبرو کی حفاظت کے لیے اسلام کے نظام حدود وتعزیرات کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ اصل اپوزیشن جے یوآئی ہے اور فیصلہ کن تحریک بھی جے یوآئی ہی چلائے گی،ملک کے نظریاتی وجغرافیائی سرحدات کے حفاظت کیلئے کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ ناگزیرہوچکاہے،موجودہ حکومت یہودیوں اور قادیانیوں کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ملک کے آئین اور قانون کو بلڈوز کر رہی ہے لیکن جے یو آئی ملک کے آئین اور قانون کے تحفظ کے لئے میدان میں نکلی ہے اورعوامی طاقت سے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ کراچی کوصوبہ سندھ سے الگ کرنے کی سازش ناکام بنادیں گے،پی پی پی حکومت کی نااہلی وبدانتظامی کی وجہ سے وفاق کو کراچی کو الگ حیثیت دینے کی جرات پیداہوئی،کراچی کی جداگانہ حیثیت مسائل واحد حل نہیں اور نہ ہی جداگانہ حیثیت برداشت کریں گے۔