سندھ حکومت آئی ٹی صنعت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے:مراد علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انکی حکومت صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے اس لئے وہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کی سربراہی میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن کے وفد کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔ وفد کے دیگر ممبران میں سیکرٹری آئی ٹی شعیب صدیقی، چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاسز ایسوسی ایشن (پی ایس ایچ اے)شہزاد شاہد، ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ(پی ایس ای بی)عثمان ناصر اور دیگر شامل ہیں جبکہ وزیراعلی سندھ کی معاونت وزیر آئی ٹی تیمور تالپور، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی، مشیر ٹیکس پالیسی ایس آر بی مشتاق کاظمی اور دیگر نے کی۔ دورے پر آئے ہوئے وفد نے بتایا کہ گذشتہ پانچ سالوں کے دوران 2014 سے 2020 تک برآمد کی ترسیلات زر میں 137 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2014 میں 370 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2020 میں 1.231 بلین ڈالر ہو گیا ہے۔ ان آئی ٹی پر مبنی یونٹس میں کال سنٹرز، کمپیوٹر کی بحالی و مرمت، ہارڈ ویئر و سافٹ ویئر کنسلٹنسی سروسز، کمپیوٹر سافٹ ویئر کی برآمد وغیرہ شامل ہیں۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے پاکستان کو آئی سی ٹی برآمد کرنے والے 10 ممالک میں شامل کرسکتی ہے اگر آئی ٹی پارکس قائم ہوجاتے ہیں تو آئی ٹی پر مبنی صنعت کو ٹیکس میں رعایت دی جاتی ہے۔ اجلاس میں آئی ٹی پر مبنی صنعت کو ٹیکس مراعات اور سہولیات دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشترکہ اجلاسوں پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ آئی ٹی پر مبنی صنعتی ٹیکس نظام اور صوبائی کابینہ میں مراعات کی تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا میری حکومت آئی ٹی انڈسٹری کو مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔دریں اثناوزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 12093 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 166 نئے کیس سامنے آئے جبکہ خوش قسمتی سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وزیراعلی ہائوس سے جاری ایک بیان میں کہی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبے میں اب تک 2445 اموات ہوئی ہیں جو 1.8 فیصد ہیں۔ اس وقت 2179 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 1897 گھروں میں، 6 قرنطینہ مراکز اور 276 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ 163 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جن میں 19 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 166 نئے کیسوں میں سے 74 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 26، ضلع جنوبی 19، ضلع وسطی 12، ضلع کورنگی 11، ضلع ملیر 4 اور ضلع غربی 2 شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں 16، بدین 13، عمرکوٹ 9، گھوٹکی 8، قمبر 7، ٹھٹھہ 5، خیرپور، لاڑکانہ، نوشہروفیروز، سانگھڑ، شہید بینظیرآباد، شکار پور، سجاول، سکھر اور ٹنڈو الہیار 2-2، جامشورو، تھرپارکر اور دادو میں 1-1 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں