حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے، عارف علوی
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو مساوی شہری حقوق حاصل ہیں۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔ صدر نے یہ بات سابق پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج کی سربراہی کی اقلیتی برادری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اقلیتی برادری نے گذشتہ روز ایوان صدر میں صدر علوی سے بات چیت کی۔ صدر نے اقلیتی وفد کو بتایا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ریاستی دہشتگردی کی جا رہی ہے اور بھارتی اقلیتوں کو ان کے حقوق نہیں دیئے جا رہے۔ اقلیتی برادری ہر فورم پر اقلیتوں کے خلاف بھارتی سیکورتی فورسز کے مظالم کو اجاگر کرے تا کہ ہندوستان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو۔ صدر سے ملاقات کرنے والوں میں خلیل جارج، سربراہ رنجیت سنگھ، ولسن وزیر اور دوسرے ارکان بھی شامل تھے۔ صدر سے ایتھوپیا میں پاکستان کے نامزد سفیر شوزل عباس نے بھی ملاقات کی۔ نامزد سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ وہ تجارت، معشیت اور ثقافت سمیت دوسرے شعبوں میں ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ ایتھوپیا کی حکومت اور عوام کو مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے بھارتی مظالم سے آگاہ کریں۔ بعدازاں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ممتاز سکالر علامہ ضمیر اختر نقوی کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے اہلخانہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے اور علامہ ضمیر اختر نقوی کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔