موٹروے واقعے پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے : شیخ آفتاب
حضرو (نمائندہ نوائے وقت )سابق وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موٹروے واقعے پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے ایسے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں لیکن ہم اسلامی معاشرے میں رہتے ہیں جہاں ایسے واقعات کا ہونا زیادہ قابل افسوس ہے. حکومت اس جرم کے مرتکب افراد کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائیں اور انہیں سخت ترین سزا دے کر نشانہ عبرت بنائے تاکہ معاشرے کے ایسے ناسور جرم کا سوچیں تو ان کی روح کانپ اٹھے. اس واقعہ کی ذمہ داری جہان اداروں کی نااہلی کی وجہ سے ہے وہاں پر اس سے زیادہ حکومت وقت کی نالائقی اس میں شامل ہے. ن لیگ کی حکومت کے دوران میں موٹروے پولیس کا بطور انچارج وزیر رہا ہوں اور میں موٹروے پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بہت مطمئن تھا لیکن اب اگر ان کی کارکردگی میں کمی آئی ہے تو اس کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے جب آپ اپنے اداروں کو سہولتیں فراہم نہیں کریں گے تو ان سے بہتر کارکردگی کی امید رکھنا بیوقوفی ہے. پیٹرولنگ کے لئے دیا جانے والا فیول اور گاڑیوں کو وقت کے ساتھ ساتھ باقاعدہ اپ گریڈ رکھنا حکومت کا کام ہے آج ہمارے بے شمار سیکیورٹی اداروں سے زیادہ بہتر گاڑیاں جرائم پیشہ افراد کے پاس ہیں پھر ایسے حالات میں آپ بہتر کارکردگی کی امید کیسے رکھ سکتے ہیں.