برطانوی ہا ئی کمشنر کی مشیر ما حو لیات ملک امین اسلم سے ملاقات
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) پاکستان میں برطانوی ہا ئی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کی سربراہی میں ایک سہ رکنی وفد نے وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کرونا وائرس کے خلاف حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وائرس سے بخوبی نمٹنے اور سرسبز پاکستان کیلئے کی جانے والی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور برطانیہ کی حکومتوں کو ایک دوسرے سے تعاون کو مزید بڑھانا چاہیئے ۔ مشیر وزیر اعظم ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومت "سرسبز پاکستان"کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ 86ہزار گرین جابس کی وجہ سے کرونا سے متاثرہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع ملیں گے۔مشیر وزیر اعظم نے بتایا کہ دنیا کی سب سے بڑی شجر کاری کی مہم سونامی پروگرام کے ذریعے کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنایا جا رہا ہے۔ برطانوی سفیر نے ماحول کے تحفظ کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے برطانوی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔