وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ،16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں کراچی کے عوام کیلئے بجلی دو روپے نواسی پیسے فی یونٹ تک مہنگی، پائلٹس کے مشکوک لائسنس کی منسوخی اور آئینی ترمیمی بل 2020 سمیت16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے واکے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں لاہور سیالکوٹ موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کیس کے متعلق معاملہ بھی زیر غور آئے گا، ایجنڈے کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں 2ستمبر2020ء کو ہونے والے ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی ، ای سی سی نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی ایک روپے نو پیسے سے دو روپے نواسی پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ کے الیکٹرک کیلئے چار ارب ستر کروڑ روپے کی سبسڈی کی منظوری بھی دی گئی تھی۔ کابینہ اجلاس میں پائلٹس کے مشکوک لائسنس کی منسوخی کے معاملے پر غور کیا جائے گا جبکہ آئینی ترمیمی بل 2020 بھی پیش کی جائے گی، نیشنل ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ اور نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے سی ای اوز کی تعیناتیوں کی سمریاں پیش کی جائیں گی، مسابقتی کمیشن میں ممبر کی تعیناتی کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کابینہ کو سول سروس اکیڈمی کے اسٹیٹس کے متعلق بریفنگ دے گا۔ پشاور،لاہور اور راولپنڈی میں اسپیشل کورٹس کے ججوں کی تعیناتی کی سمریاں کابینہ میں پیش کی جائیں گی جبکہ جدید جیل کی تعمیر کیلئے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں ترمیم کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا ، کابینہ میں آئی بی کیلئے پلاٹ /بجٹ 2020-21 کی الاٹمنٹ اور آئی ٹی کے شعبے میں پاک چین تعاون کے ایم او یو ز کی سمریاں بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔