بلدیہ ٹائون‘ پورے علاقے کی سیوریج لائنیں بند‘ تعفن سے زندگی اجیرن
کراچی(خبر نگار) کراچی غربی کے علاقے بلدیہ ٹائون اور سعید آباد میں بارش کے بعد سے بند ہونے والی سیوریج لائنوں کو تاحال صاف نہیں جاسکا جس کی وجہ سے علاقے کی تمام سڑکوں پر سیوریج کا بدبودار پانی کھڑا ہے جس سے تعفن کے باعث لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے جبکہ سیوریج کے پانی میں مچھروں کی افزائش میں تیزی کے بعد ملیریا‘بخار‘ ٹائیفائیڈ اور جلدی امراض کے مریضوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے حیرت انگیز صورتحال یہ ہے کہ اتنا وقت گذرنے کے بعد بھی واٹر بورڈ کے ایم سی اوربلدیہ غربی نے بڑی شاہراہوں اور گلیوں میں سیوریج کی بند لائنوں کو صاف کرنے کے لئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے۔ سیکٹر فائیو جے‘ اے تھری‘ گل داد شاہ روڈ‘ مدینہ کالونی‘ سیکٹر فائیو جی ‘ ٹیپو سلطان روڈ‘ روبی سینما روڈ‘ رشید آباد‘ نئی آبادی‘ اتحاد ٹائون اوردوسری آبادیوں کی سڑکوںپر سیوریج کا پانی ندی کی طرح بہہ رہا ہے جبکہ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔سماجی کارکن احمد امین اور علاقے کے سماجی اورعوامی حلقوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی‘ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی‘ کمشنر کراچی اور ایم ڈی واٹر بورڈ سے پر زور اپیل کی ہے کہ بلدیہ ٹائون میں سیوریج کی ٹرنک لائنوں کی صفائی کیلئے مکمل طور پر ہدایت جاری کی جائیں۔ سماجی رہنمائوں نے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر صاف کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔