کوویڈ 19ایکسپو قرنطینہ سینٹرکرپشن کیس: اسٹور کیپر کا کورنگی اسپتال تبادلہ
کراچی (نیوزرپورٹر) محکمہ صحت سندھ میں کویڈ 19ایکسپو قرنطینہ اسکینڈل کی جاری تحقیقات میں محکمہ صحت کراچی کا اسٹور کیپر بھی لپیٹ میں آگیا جبکہ اکاؤنٹنٹ سمیت دیگر افسران نے خود کو بچانے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کردی۔ اسکینڈل کی تحقیقات کے مطابق 30وینٹی لیٹرز سمیت دیگر قیمتی سامان غائب ہے جس کی رقم ایک ارب روپے کے قریب بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کویڈ 19ایکسپو قرنطینہ سمیت کراچی میں کروڑوں روپے کے مبینہ غبن کے الزام میں محکمہ صحت کراچی کے اسٹور کیپر شاہنواز باجوہ کو پیرکے روز ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کا تبادلہ سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں کردیا گیا ہے ۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی جو وزیراعلیٰ سندھ کی واضح ہدایت کے مطابق کویڈ 19میں کروڑوں روپے کے سرکاری خزانے کو لوٹنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بہت دباؤ میں بتائے جارہے ہیں کیونکہ صوبائی سیکریٹریٹ میں مذکورہ میگا اسکینڈل کے حوالے سے ماتحت عملہ واضح طور پر دو گروپوں میں منقسم ہوگیا ہے صحت مافیا ملوث ملزمان سے بھاری رقوم کے عوض تحقیقات کو بند کرانے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ چند ایماندار افسروں کا ایک گروپ سیکریٹری صحت سے تعاون کرکے کرونا جیسی بیماری کے فنڈز میں مبینہ غبن کرنیوالے عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کیلئے کوشاں ہے ۔