حکمران عوامی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات کریں:ملک اعجاز احمد
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما و ٹائلز ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک اعجاز احمد نے کہا ہے کہ سانحات پر سانحات رونما ہورہے ہیں اور حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں ریاست مدینہ کا نام استعمال کرکے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جارہا ہے جوکسی طور قابل قبول نہیں حکومتی ترجیحا ت مغربی ایجنڈا کی تکمیل کی تسلسل ہیں جنہیں ترک نہ کیا گیا تو پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا حکومتی دعویٰ کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا، اپنے ایک بیان میں ملک اعجاز احمدنے کہا کہ ملکی حکمران اگر پاکستان کو ریاست مدینہ کے ماڈل پر استوار کرنے میں سنجیدہ ہیں تو پہلے اپنے رویے بدلیں ، انصاف کا بول بالا یقینی بنائیں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں، بات بات پر یو ٹرن لینا، اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کی کردار کشی اور الزام تراشی سے ریاست مدینہ کے دعوے داروں کے دعوئوں کی قلعی کھل چکی ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو دیوار سے لگانے کی حکومتی پالیسی نا اہلیاں چھپانے کی خاطر جاری رکھی گئی ہے۔