دورہ نیوزی لینڈ:فواد عالم ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے پرامید
لاہور( سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فواد عالم دورہ نیوزی لینڈ کے لئے جگہ برقرار رکھنے کیلئے پرامید ،مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ کم بیک پر غیر ضروری دباو کا شکار نہیں تھا، بدقسمتی سے پرفارم نہیں کر سکا، انگلینڈ میں پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ کیریئر دوبارہ شروع کر رہا ہوں ۔ایک انٹرویو میں 35 سالہ فواد عالم نے کہا کہ عمدہ پرفارم کرنے کا عمومی دباو تو کلب کرکٹ میں بھی ہوتا ہے لیکن ایک پروفیشنل کرکٹر کے طور پرہمیں ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ویسے بھی کوئی ہر اننگز میں سکور نہیں کر سکتا، بدقسمتی سے میں بھی توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا پایا، بہرحال کرکٹ میں ایسا ہوجاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 10 سال میں کئی منفی خیالات بھی ذہن میں آئے، کئی کھلاڑی ہمت ہار جاتے ہیں،میں خوش قسمت ہوں کہ قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا، امید ہے کہ ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ بھی جاو ں گا۔انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ کیریئر دوبارہ شروع کر رہا ہوں، ٹور کے دوران مینجمنٹ کا رویہ اور ٹیم کا ماحول بڑا شاندار رہا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی، ہم پہلا ٹیسٹ جیت سکتے تھے، دوسرے اور تیسرے میچ میں مشکل وقت میں کھلاڑی چیلنج پر پورا اترے، بارش نہ ہوتی تو پہلے ٹی ٹونٹی پر گرفت مضبوط تھی۔