پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ اور سہالہ میں ایڈوانس کلاس کورس کا آج سے آغاز
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی کی ہدایت پر پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور اورپولیس ٹریننگ کالج سہالہ راولپنڈی میں انسپکٹرز کے ایڈوانس کلاس کورسز کا انعقاد شروع ہوگیا ہے جن میں پنجاب پولیس ، پاکستان ریلوے پولیس ،گلگت بلتستان پولیس ، سٹی ٹریفک پولیس اسلام آباد کے 143انسپکٹرزحصہ لے رہے ہیں اور ایڈوانس کلاس کورسز کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریننگ ، پنجاب ڈاکٹر سلیمان سلطان رانا نے ی سی پی او لاہور سمیت صوبے کی تمام ریجنز کے سربراہان، ریلوے پولیس ، گلگت بلتستان پولیس ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ،سی ٹی ڈی ، پنجاب کانسٹیبلری سمیت متعلقہ اداروں کو مراسلہ بھجوادیا ہے ۔ مراسلے میں افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیر 14ستمبر کی شام تک اپنے متعلقہ ڈی ایچ کیو ہسپتال سے میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ کے ساتھ ٹریننگ کالجز میں رپورٹ کریں ۔ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ اور سہالہ راولپنڈی میں ایڈوانس کلاس کورسز کا آغاز15ستمبربروز منگل سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں 71انسپکٹرز ایڈوانس کلاس کورس مکمل کریں گے جن میں پاکستان ریلوے پولیس کے دو افسران شامل ہیں جبکہ لاہور کے 15،بہاولپورکے 10شامل ہیں۔ اسی طرح پولیس ٹریننگ کالج سہالہ راولپنڈی میں ہونے والے ٹریننگ کورس میں راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، گلگت بلتستان ، پاکستان ریلوے اورسٹی ٹریفک پولیس اسلام آباد کے 72انسپکٹرز ایڈوانس کلاس کورس مکمل کریں گے جن میں راولپنڈی ریجن کے 20، گوجرانوالہ کے20، سرگودھا کے 11، گلگت بلتستان پولیس کے8،پاکستان ریلوے پولیس کے 3، سٹی ٹریفک پولیس اسلام آباد کے10انسپکٹرز شامل ہونگے۔