باہمی تجارت سے دوست ممالک کیساتھ روابط مستحکم ہو سکتے ہیں،فہدبرلاس
کراچی(کامرس رپورٹر)ہینڈی کرافٹس کی باہمی تجارت سے پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ قریبی رابطے مزید مستحکم ہو سکتے ہیں اور پاکستان ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں ۔یہ بات ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین فہد برلاس نے ترکمانستان کے سفیر موولموو اتجن نرلیویچ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خورشید برلاس اور سینئر ممبرز امین الرحمان، محسن خالد اور بریر حسن بھی موجود تھے۔ فہد برلاس نے کہا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے بعد پاکستان میں تجارت کی ترقی اور امداد میں اضافے کے لئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان اس مقصد کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر قریبی رابطے اور خیرسگالی کے جذبات کے تحت ہنر مندوں اور دستکاروں کے کام کی ہرممکن پذیرائی کی جا رہی ہے۔ترکمانستان کے سفیر موولموو اتجن نرلیویچ نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دیر پا تعلقات قائم ہیں اور صنعت و تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے کر ہنڈی کرافٹ کی صنعت کو مزید ترقی دی جا سکتی ہے۔