حمزہ کو ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ غیر قانونی: فیاض چوہان‘ لیگی رہنما کی اہلیہ بھی کرونا میں مبتلا
لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کا حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اتفاق ہسپتال یا رائیونڈ محل شفٹ کرنے کا مطالبہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ ن لیگ حسبِ سابق حمزہ شہباز کی بیماری پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دوران حراست نواز شریف کی چھوٹے گوشت کی دو دو پلیٹوں اور من پسند میٹھے سے خدمت کی گئی تھی، ویسے ہی حمزہ شہباز کو بھی مکمل نگہداشت فراہم کی جائے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بزدار حکومت نے فوری طور پر جناح ہسپتال کے پروفیسر عباس رضا کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جس میں اعلیٰ پائے کے ڈاکٹرز اور پروفیسرز کی جانب سے حمزہ شہباز کا مکمل طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں کسی سرکاری ہسپتال شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء حمزہ شہباز کے بعد ان کی اہلیہ بھی کرونا میں مبتلا ہو گئیں۔ انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ ہفتہ کے روز تمام اہل خانہ نے جیل میں حمزہ شہباز سے ملاقات کی تھی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد احتیاطی طور پر رابعہ حمزہ نے بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آ گیا۔ اب حمزہ شہباز خاندان کے تمام افراد کے کرونا سیمپل لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔