منشیات سمگلنگ کیس: رانا ثنا ء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28ستمبر تک توسیع
لاہور (صباح نیوز)لاہور کی انسداد منشیات عدالت کے ڈیوٹی جج خالد بشیر نے مبینہ طور پر منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا ء اللہ خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28ستمبر تک توسیع کر دی۔ رانا ثناء اللہ خان کو اے این ایف حکام نے ڈیوی جج خالد بشیر کی عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ کئی بار اے این ایف نے پراسیکیوٹر تبدیل کیااب اس کیس میں پراسیکیوٹر کون پیش ہو گا؟اس پر اے این ایف وکیل کا کہنا تھا کہ اب اس کیس میں پراسیکیوٹر محمد صلاح الدین مینگل پیش ہوں گے۔ اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ تحریری نوٹیفیکیشن ہوا ہے یا زبانی باتیں ہیں۔ عدالت کا اے این ایف وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ جائیں اور تحریری حکمنامہ لے کر آئیں۔ رانا ثناء اللہ خان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کا دوران سماعت کہنا تھا کہ ہماری ٹرائل، ضمانت اور جائیداد ضبطگی کے حوالہ سے تین درخواستیں دائر ہیں ، ایک درخواست سیف سٹی کیمروں کی ویڈیو کی ہے۔ہمیں سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج فراہم کی جائے۔ فراہم کی گئی ویڈیو میں گاڑیوں کا لاہور ٹول پلازہ سے داخل ہونا دکھایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر تین ماہ سے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر نے خودکہا کہ ان کے پاس ویڈیو موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک بھی ثبوت ایسا نہیں ہے جس کی بنیاد پر رانا ثناء اللہ کی جائیداد کو سیل کیا جائے۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہر اثاثے کی قیمت بڑھا چڑھا کر ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔ اے این ایف نے میرے ان اثاثوں کے بارے میں بتایا ہے جو میری پیدائش سے پہلے کے ہیں اور میرے آباء و اجداد سے ورثہ میں مجھے ملے ہیں۔ رانا ثناء اللہ خا ن کے وکیل کا کہنا تھا کہ دونوں درخواستوں پر دلائل مکمل ہو چکے ہیں ۔ اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی جج صرف ارجنٹ کیسز کی سماعت کر سکتا ہے۔ اس پر رانا ثناء اللہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ ضمانت کی درخواستیںبھی ارجنٹ نوعیت کی ہیں۔ اس پر ڈیوٹی جج خالد بشیر کا کہنا تھا کہ میں بطور ڈیوٹی جج ضمانت کی درخواست سنوں گا۔ دوران سماعت رانا ثناء اللہ خان نے عدالت میں بیان دیا کہ مجھے سڑک سے پکڑا گیا اور عدالت میں آکر پتہ چلا کہ مجھ سے ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔دریں اثنا سابق وزیر قانون نے کہا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ جھوٹ اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے اور کوئی بھی ایماندار جج اس جھوٹے مقدمہ کو سننا نہیں چاہتا،پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔ راناء ثنا اللہ نے عدالت میں پیشی سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نالائق اعظم کی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے یہ سب کر رہی ہے، پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، جیلوں میں ظلم برداشت کرنے کے بعد کیسی ڈیل ؟ نواز شریف حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔