غلط انجیکشن لگانے کا الزام، ناظم آباد کے اسپتال میں خاتون ہلاک
کراچی (وقائع نگار)کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رات گئے نجی میڈیکل سینٹر میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے باعث خاتون جاں بحق ہوگئیں۔پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں واقع میڈیکل سینٹر میں علاج کے دوران غلط انجکشن لگنے سے 40 سالہ پروین جاں بحق ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش کو پہلے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم لیڈی ایم ایل او نہ ہونے کے باعث رات گئے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں بھی پوسٹ مارٹم نہ ہوسکا۔جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاں بحق خاتون کے شوہر کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کو دو روز سے بخا ر تھا، قریبی کلینک لے کر گیا جہاں سے ڈاکٹر نے میڈیکل سینٹر لے جانے کا مشورہ دیا۔شوہر نے بتایا کہ بخار کی حالت میں اہلیہ کو پے در پے ڈرپ لگائی جاتی رہیں،اہلیہ کا غلط علاج کیا گیا جس کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔جان بحق خاتون کے شوہر نے شکوہ کیا کہ جناح اسپتال میں لیڈی ایم ایل موجود نہیں، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے پولیس تعاون نہیں کررہی ۔