ظہورالحسن بھوپالی ؒزندہ ہوتے تو کراچی لاوارث نہ ہوتا، محمدسلیم خان قادری
کراچی ( نیوز رپورٹر) بزم محبان شہیدوطن حضرت ظہورالحسن بھوپالیؒ کے مرکزی خادم محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاہے کہ شہید وطن ظہورالحسن بھوپالیؒ اپنی ذات میں ایک خوبصورت انجمن کی حیثیت رکھتے تھے۔ آج بھوپالی بھائی زندہ ہوتے توکراچی لاوارث نہ ہوتااور شہر میں کچر ے پر سیاست نہ ہوتی بلکہ اکثر سماجی مسائل حل ہوچکے ہوتے۔یہ باتیں انہوں نے شہیدوطن حضرت ظہورالحسن بھوپالیؒ کے یوم شہادت پر ان کے مزارپر منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔تقریب میں متحدہ ختم نبوت فورم پاکستان کے بانی وسیکریٹری جنرل محمدشکیل قاسمی ،معروف دانشوررضوان صدیقی،اعجازعلی نوید،سیدعباس علی،مفتی محمدحسین رضوی، سعیدامینی ایڈوکیٹ، انجمن نوجوانان اسلام پاکستان سندھ کے جنرل سیکریٹری عبدالوحید یونس،بہارالدین شیخ، شفیع قادری، علی حسن، پیس کمیٹی ضلع سینٹرل کے ناصر حسین خان، پاکستان اسلامک فورم کے چیئرمین حاجی مرزامحمدمبین بیگ،شبیر شاہ،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماقاری محمدادریس قاضی،جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کی رابطہ کمیٹی کے رکن الحاج محمدسلیم الدین شیخ راجپوت ،نظام مصطفیٰ پارٹی کے مرکزی رہنماالحاج رفیع، شہری حقوق کمیٹی کے جوائنٹ سیکریٹری محمداکرم نقشبندی، عطاء اللہ نوری،صاحبزادہ صادق قریشی، سیداسلم حسانی سمیت دیگر احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قبل ازیں سابق رکن قومی اسمبلی محترمہ آپاقمرالنساء قمرویگر نے بھی مزارپر فاتحہ خوانی اور دعاکی۔اس موقع پرمحمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ بھوپالی شہیدؒ انتہائی محب وطن اور اسلام کے سچے سپاہی تھے وہ استحکام پاکستان کی تحریک سپہ سالارتھے،شہید ظہورالحسن بھوپالیؒ نے ملک دشمن قوتوں کوایسے وقت میں للکارجب ہر طرف عصبیت،لسانیت اور فرقہ واریت کو فروغ دینے کی منظم سازشوں کے جال بچھائے جارہے تھے،ہمارے ملک کی سیاسی قیادت گوشہء تنہائی میں جاچکی تھی اور ملک دشمن قوتیں آزادی سے اپناکام کررہی تھیں،خطرہ یہ تھاکہ علیحدگی پسند قوتیں نہ پروان چڑھ جائیںلہٰذاشہید ظہورالحسن بھوپالیؒ نے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے جنرل ضیاء الحق کو بلدیاتی الیکشن کے ذریعے عوامی خدمت کا ذریعہ بنانے پر مجبورکیا،ملک بھرمیں انتہائی جوش وجذبے سے یوم آزادی پاکستان کا جشن منانے کی فکر کو پروان چڑھایا،متوسط طبقے کی نوجوان قیادت کو ملک کی تعمیر وترقی میں حصہ لینے پر مجبورکیا۔انہوں نے کہاکہ شہید ظہورالحسن بھوپالیؒ نے باصلاحیت نوجوانوں کی ہر میدان میںتربیت کی ،ملک بھرباالخصوص سندھ میں سماجی خدمت کو فروغ دیا،غرض شہید وطن ظہورالحسن بھوپالیؒ نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ استحکام پاکستان کونسل کے بانی سربراہ ممتاز صحافی،ہفت روزہ افق کے ایڈیٹرانچیف، سماجی،مذہبی اور سیاسی رہنما،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات،سابق ممبر صوبائی اسمبلی اورسابق رکن وفاقی مجلس شوریٰ،شہید وطن حضرت ظہورالحسن بھوپالیؒ کا37واں یوم شہادت انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا، اس سلسلے میں مختلف مقامات پر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی جبکہ شہید ظہورالحسن بھوپالیؒ کے مزاربنیادی مسجد ایم اے جناح روڈ پردن بھر علمائے کرام، مشائخ عظام، اکابرین دین وملت اور دوست احباب کی حاضری کا سلسلہ جاری رہا،مختلف تنظیمات کی جانب سے بھی شہید ظہورالحسن بھوپالیؒ کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیںاور ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی ودعاکی گئی۔بزم محبان شہیدوطن حضرت ظہورالحسن بھوپالیؒ کی جانب سے مرکزی تقریب کااہتمام شہید کے مزارپر بزم کے مرکزی خادم محمد سلیم خاں قادری ترابی کے زیرصدارت منعقدہوا،جس میں قرآن خوانی،نعت خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ شہید ظہورالحسن بھوپالیؒ نے پاکستان پر اپنی جان قربان کردینے کے لئے نوجوانوں کو تیارکیااور ملک کے استحکام کی خاطراپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے میں پہل کی،ظہورالحسن بھوپالیؒ جیسی قیادت اللہ تبارک وتعالیٰ کی طرف سے انعام ہواکرتی ہیں،جس کی حفاظت پوری قوم کوکرنی چاہئے تھی،مگرافسوس ہے کہ ہم خود بھی ظہورالحسن بھوپالیؒ کی حفاظت نہیں کرسکے کیونکہ ظہورالحسن بھوپالیؒ دہشتگردی کے خلاف مضبوط دیوارمحبت اور خدمت کو بناناچاہتے تھے ،اسلحہ کی سیاست سے نفرت کرتے تھے اپنے کسی ساتھی دوست یاکارکن کو اسلحہ ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی۔محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ اس ملک ، صوبے اور شہر میں حکومت کا دعویٰ کرنے والے احباب ظہورالحسن بھوپالیؒ شہید کی زندگی کا بغورجائزہ لیں اور ایساکردارپیش کریں جس سے اسلام کی سربلندی ، پاکستان کے استحکام ،ترقی اور خوشحالی کی خوشبوآسکے،ہماراملک سوبہ اور شہر امن محبت خدمت اور بھائی چارے کا گہوارابن سکے،شہیدوں کاخون کبھی رائیگاں نہیں جاتا،آج کی قیادت اگر خواب خرگوش میں رہے گی توکوئی پرواہ نہیں مگرضرورباالضرور شہیدوطن ظہورالحسن بھوپالیؒ کا خون رنگ لائے گا اور نئی قیادت تیار ہوگی جو ظہورالحسن بھوپالیؒ شہید کے خون سے وفاکرکے پاکستان کو پوری دنیامیں عزت واحترام کی منزل پر پہنچائے گی۔