جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی ان کے خلاف کارروائی کروں گا,ماسوائے قوم کی خدمت میرا کوئی مقصد نہیں:ثاقب نثار
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کروں گا، ایک بات بتا دوں ماسوائے قوم کی خدمت میرا کوئی مقصد نہیں، میں نے آرٹیکل 6کامطالعہ شروع کر دیا ہے، پانی اب سونے سے بھی زیادہ مہنگا ہے اس کی ڈکیتی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے،پانی بیچنے والی کمپنیاں حکومت کیساتھ پانی نکالنے کا ریٹ طے کر لیں، دیکھنا ہو گا کہ منرل واٹر میں منرلز ہیں بھی یا نہیں،عدالت نے منرل واٹر کی تمام بڑی کمپنیوں کے سی ای او کو آج(اتوار کو) طلب کر لیا۔ہفتہ کوسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے زیر زمین پانی نکال کر منرل واٹر بنانے والی کمپنیوں سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔سماعت کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے وکیل اور ایم ڈی واسا سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمپنیاں حکومت کو 25پیسے فی لیٹر ادا کرکے 50روپے فی لیٹر فروخت کررہی ہیں جب کہ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ 2018سے قبل پانی فروخت کرنے والی کمپنیاں زمین سے مفت پانی نکال رہی ہیں۔اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پانی بیچنے والی کمپنیاں حکومت کیساتھ پانی نکالنے کا ریٹ طے کر لیں۔جسٹس ثاقب نثار نے مزیدکہا کہ دیکھنا ہو گا کہ منرل واٹر میں منرلز ہیں بھی یا نہیں، میں گھر میں خود نلکے کا پانی ابال کر پیتا ہوں کیونکہ میری قوم یہ پانی پی رہی ہے، غریب آدمی آج بھی چھپڑ کا پانی پینے پر مجبور ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پانی اب سونے سے بھی زیادہ مہنگا ہے اس کی ڈکیتی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ایک بات بتا دوں ماسوائے قوم کی خدمت میرا کوئی مقصد نہیں، میں نے آرٹیکل 6 کامطالعہ شروع کر دیا ہے، جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کروں گا۔عدالت نے منرل واٹر کی تمام بڑی کمپنیوں کے سی ای او کو آج(اتوار کو) صبح گیارہ بجے طلب کر لیا۔