میٹرو بس ملازمین کا تنخواہ نہ ملنے پر مظاہرہ‘ سروس معطل
لا ہور (اپنے نامہ نگار سے)میٹرو بس سروس کے سکیورٹی ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے میٹرو بس سروس معطل ہو گئی۔ گذشتہ روز مظاہرے کی وجہ سے شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس شاہدرہ سے ایم اے او کالج تک بند کر دی گئی جبکہ گجومتہ سے ایم اے او کالج تک میٹرو بس سروس بحال رہی۔ بس سروس کی جزوی بندش کی وجہ کمپنی کے اپنے ملازمین ہیں جنہیں تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی جس کے باعث کمپنی کے سیکورٹی ملازمین نے ٹمبر مارکیٹ راوی روڈ کے قریب میٹرو بس سرو س ٹریک پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بس سروس بند کر دی جو کئی گھنٹوں تک بند رہی بعدازاں میٹرو بس سروس انتظامیہ اور تنخواہوں سے محروم سیکورٹی ملازمین کے وفد کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ٹریک کے مذکورہ حصے پر بس سروس بحال کر دی گئی۔