ووٹ کی طاقت سے قبضہ اور لینڈ مافیا کو شکست دیں گے، شیخ راشد شفیق
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) این اے 60سے پی ٹی آئی کے نامزد اور عوامی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید احمد کے وژن کے مطابق خدمت کی سیاست کو فروغ دیں گے۔ 25جولائی کی طرح 14اکتوبر کو ووٹ کی طاقت سے قبضہ مافیا اور لینڈ مافیا کو شکست دینگے۔ منتخب ہوکر عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے یونین کونسلوں کی سطح پر ڈسپنسریاں قائم کریں گے اور شکریال میں تباہ شدہ سیوریج سسٹم کو ازسر نو تعمیر کریں گے۔ وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں عثمان پورہ، شکریال، آریہ محلہ، ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، ڈھوک حافظ اور گنگال میں کارنر میٹنگوں سے خطاب کررہے تھے جہاں مقامی مقررین نے شیخ راشد شفیق کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔