الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک نمایاں نام بن چکی ہے،عبد الشکور
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن کے صدرمحمد عبد الشکور کی زیرصدارت فائونڈیشن کی جنرل کونسل کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ۔ اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے پروگرامز، آفات سے بچائو ،صحت عامہ، تعلیم، صاف پانی، کفالت یتامیٰ ، مواخات اور سماجی خدمات کے ذمہ داران نے کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کا اجلاس میںجائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ آئندہ کی منصوبہ بندی بھی پیش کی گئی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک نمایاں نام بن چکی ہے ۔ الخدمت فائونڈیشن کے پر خلوص ذمہ داران اور کارکنان کا خدمت خلق کا جذبہ ہی ہے جن کی کاوشوں سے ہر سال لاکھوں افراد کی دکھ درد اور پریشانی کم اور دور ہوتی ہے ۔اجلاس میںالخدمت فائونڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبد الشکور کے علاوہ سینئر نائب صدرسید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرلز میاں بابر حمیداور احمد جمیل راشد ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال،ریجنل صدور ، سیکرٹریز، نیشنل ڈائریکٹرز سمیت وومن ونگ ٹرسٹ کی ذمہ داران نے شرکت کی۔