اسلامی یونیورسٹی کرغزستان کی جامعات کے ساتھ تعلیمی منصوبوں پر کام کرے
اسلام آباد (نامہ نگار)صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے کرغزستان کے سفیر ایرک بیشم بیف نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلیمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں صدر جامعہ اور کرغزستان کے سفیر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلیمی تعلقات میں وسعت کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ کرغزستان کے سفیر نے دوران ملاقات اسلامی یونیورسٹی کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور خواہش ظاہر کی کہ اسلامی یونیورسٹی کرغزستان کی جامعات کے ساتھ تعلیمی منصوبوں پر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورکرغزستان کے تعلقات مثالی ہیں۔ سفیر نے پیغام امن کی ترویج میں اسلامی یونیورسٹی کے کردار اور امت مسلمہ کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے کاوشوں پر ڈاکٹر الدریویش کی تعریف کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر الدریویش نے سفیر کو اسلامی یونیورسٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں حالیہ پیغام پاکستان بیانیہ سمیت کئی ایک اہم کانفرنسز اور دیگر تعلیمی و تعمیری سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صدر جامعہ نے اس عزم کو دہرایا کہ عصر حاضر کے چیلنجز کے حل کی تلاش کیلئے جامعہ پوری دنیا کی جامعات کے ساتھ تعاون و اشتراک کی خواہاںہے جبکہ اسلامی یونیورسٹی اسلام کے پیغام امن و اعتدال کی اشاعت و ترویج کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ اس ملاقات میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیاء الحق بھی شریک تھے۔