بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بچوںکی جسمانی نشوونماکے لئے فوڈ پروگرام کا آغاز کریگا
اسلام آباد (اے پی پی) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) فوڈ پروگرام کا آغاز کر کے عالمی ادارہ صحت کے اہداف کے تحت بچوں کی محدود جسمانی نشوونما (سٹنٹڈ گروتھ) جیسے مسائل کا حل بخوبی سر انجام دے گا۔ بینظیر انکم سپورٹ ملک کا سب سے بڑا سوشل سیفٹی نیٹ ہے اوراس میں انقلابی اقدامات اور اصلاحات کے ساتھ غریب خواتین کا سہارا بنے گا۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری بی آئی ایس پی عمر حمید خان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پنجاب ریجنل دفتر کے دورے کے موقع پر کیا۔پاکستان میں مجموعی طور پر 44فیصد بچے محدود جسمانی نشوونما جیسے مسائل کا شکارہیں اور سال 2016میں 9.6ملین بچے معیاری غذا کی دستیابی سے محروم رہے۔ نئی حکومت نے بھی اس معاملے کا فوری نوٹس لیا اور سٹنٹڈ گروتھ کی شرح میں کمی لانے کیلئے تمام وسائل کو استعمال کرنے لئے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی نے ریجنل دفتر کے انتظامی امور کا جائزہ لیا ، مسائل اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید موثر بنانے پرزور دیتے ہوئے احکامات صادر فرمائے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی وسیلہ تعلیم پروگرام کی وومن لیڈرز سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی سے استفادہ حاصل کرنے والی خواتین کے معذور بچوں اور غیر شادی شدہ لڑکیوں کیلئے جلد فنڈز منظور کروا لئے جائیں گے۔نئے چھوٹے قرضوں کا اجراء اور ہنر سکھانے کیلئے پروگرامز شروع کئے جائیں گے جو غریب خاندانوں کو نا صرف غربت سے نکالنے میں مددگار ثابت ہونگے بلکہ معاشی خود انحصاری کی طرف گامزن ہونگے۔ اس موقع پر ڈی جی بی آئی ایس پی پنجاب ریجن احمد تیمور ناصر نے سیکرٹری بی آئی ایس پی کا استقبال کیا اور دفتر کے انتظامی امور پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب ریجن نے وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت جنوری سے ستمبر2018 تک 144,199بچوں کا اندراج کیا اور دئیے گئے ہدف کو سو فیصد حاصل کیاہے۔سیکرٹری بی آئی ایس پی نے پنجاب میں وسیلہ تعلیم کے ہدف عبور کرنے پر ایڈیشنل ڈی جی وسیلہ تعلیم نوید اکبر، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر لاہور آمنہ شبیر اور وسیلہ تعلیم اضلاع کے افسران و سٹاف کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی کے ہمراہ ڈی جی ایڈمن نیلوفر حفیظ، ڈی جی ایم اینڈ ای کامران فاروق انصاری، ڈی جی سی ٹی طارق محمود، ڈی جی ایچ آر ایم خالد صدیق اور ایڈیشنل ڈی جی پیمنٹ نور رحمان خان نے بھی بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین سے ملاقات کی۔