جی چودہ ون ٹو تھری اور سیکٹر جی ففٹین تھری میں غیر قانونی تعمیرات پر پابندی
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر جی چودہ ون ٹو تھری اور سیکٹر جی ففٹین تھری میں فیڈرل گورنمنٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کی رہائشی سکیموں کے لئے خریدی گئی زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ صدر کی طرف سے جاری حکم نامہ کے مطابق یہ پابندی فوری طورپر نافذ العمل کی گئی ہے اور یہ دو ماہ کے لئے نافذ العمل ہو گی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی رہائشی سکیموں کے لئے حاصل کردہ زمینوں پر بعض افراد نے کچے پکے گھر تعمیر کررہے ہیں تاکہ تعمیر شدہ جائیداد کی مد میں بھاری معاوضہ کامطالبہ کرسکیں جو کہ خلاف قانون ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ علاقہ میں کسی بھی قسم کی تعمیرات پر پابندی کے علاوہ تعمیراتی سامان کی نقل و حمل اور خرید وفروخت پر بھی پابندی ہو گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔