احسان مانی کو ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں تبدیلی کے راستے پر مشکلات نظر آنے لگیں
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی کو ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں تبدیلی کے راستے میں بڑی مشکلات نظر آنے لگیں۔ چند ہی روز میں انہیں مسائل کی نوعیت اور حساسیت کا اندازہ ہونے لگا ہے۔ نئے چیئرمین وزیر اعظم کے وژن کو آگے لیکر چلیں یا پھر انہیں سمجھانے کی کوشش کریں دونوں صورتوں میں احسان مانی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چیئرمین نے تسلیم کیا ہے کہ یہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے‘ عمران خان کی سوچ اور خیال کے مطابق اسکا کوئی مناسب حل نکالنا بہت مشکل ہے۔ نئے چیئرمین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات کو چلانے کے لیے کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہان سے مشاورت شروع کر دی ہے‘ وہ اس عہدے کا تجربہ رکھنے والوں سے رہنمائی لے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرکٹ بورڈ کے ایک سابق چیئرمین سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سوچ کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ تشکیل دینا بہت مشکل کام ہے۔ زمینی حقائق اور مسائل کچھ اور ہیں۔ اوپر سے نیچے تک نظام کو بدلنا آسان نہیں ہے۔ اس معاملے میں بات چیت کی حد تک چیزوں کو ٹھیک کرنے کے بارے کہنا آسان ہے لیکن حقیقت مختلف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے احسان مانی کو اندازہ ہوتا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کی سیاست کتنی مختلف اور مشکل ہے۔ بالخصوص ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام میں تبدیلی کتنا پیچیدہ اور حساس معاملہ ہے۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ عمران خان محکمہ جاتی کرکٹ کو جاری رکھنے میں کسی حد تک قائل ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کرکٹرز کے روزگار کے پیش نظر اس کرکٹ کو وقتی طور پر جاری رکھنے پر راضی ہو چکے ہیں لیکن اسکے باوجود وزیر اعظم کی طرف سے نامزد ہونے کے بعد بلامقابلہ منتخب ہونیوالے احسان مانی کے نزدیک فرسٹ کلاس کرکٹ کے ڈھانچے میں تبدیلی مشکل کام ہے۔وزیر اعظم عمران خان ایک عرصے سے ملک میں علاقائی کرکٹ کے سب سے بڑے حامی ہیں تاہم عام انتخابات میں کامیابی کے بعد مختلف بڑے محکموں کے سربراہان اور تحریک انصاف کے سرکردہ افراد سے مشاورت کے بعد محکمہ جاتی کرکٹ کے حوالے سے انکے رویے میں لچک پیدا ہوئی ہے لیکن وہ طویل المدتی منصوبے کے تحت وہ یہ چاہتے ہیں کہ علاقائی کرکٹ کے مسائل کو حل کر کے ایسوسی ایشنز کو جدید خطوط پر چلایا جائے اور محکمے سپانسرز کا کردار ادا کریں لیکن فوری طور پر حالات اس کی اجازت نہیں دیتے۔ کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا کہنا ہے وزیر اعظم کا وژن انکا وژن ہے لیکن عمران خان کے وژن کو عملہ جامہ پہنانے کے سفر کے آغاز میں ہی انہیں بڑے مسائل کا سامنا ہے اور انہیں تصویر کا دوسرا رخ بھی دکھائی دینے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔