کراچی میں پانی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے: مراد علی شاہ
کوئٹہ+ کراچی (بیو رو رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ صباح نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے جمعہ کے روز یہاں ملاقات کی۔ دونوں وزیراعلیٰ کے مابین نئی حکومتوں کے قیام کے بعد یہ پہلی باضابطہ ملاقات تھی جس میں بین الصوبائی امور، صوبائی ہم آہنگی کے فروغ، امن وامان اور دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا دونوں وزراء اعلیٰ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے دونوں صوبوں کے سرحدی علاقوں میں دونوں اطراف کی چیک پوسٹوں کو بہتر بنانے اور چیکنگ کو مزید موثر کرنے، دونوں صوبوں کے آئی جی پولیس کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا، دونوں وزراء اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کے مابین دیرینہ تعلقات اور ثقافتی رشتے ہیں جنہیں مزید مضبوط بناکر بین الصوبائی رابطوں اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے گا۔ ملاقات میں ددنوں صوبوں کے درمیان پانی کے تصفیہ طلب امور کے حل کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا اور طے پایا کہ دونوں صوبوں کے محکمہ آبپاشی کے حکام اجلاس منعقد کرکے ان امور کو طے کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کامسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے۔جمعہ کووزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر کراچی نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ کراچی شہر میں پانی کی طلب 918 ایم جی ڈی ہے، پانی کی 5 سکیمیں ہیں جن میں ری سائیکلنگ پروجیکٹ، کے 4 پروجیکٹ، بلک اسکیم اور دیگر شامل ہیں۔ ان سکیموں سے 830ایم جی ڈی پانی مل سکے گا، ہماری کوشش ہے کہ تمام سکیمیں جلد مکمل ہوں تاکہ پانی کا مسئلہ حل ہوسکے۔