فرقہ واریت زہر قاتل‘ امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچا : حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے کشمیریوں پر ظلم و دہشت گردی کی انتہا کر دی۔ حکمران مظلوم کشمیریوں کی آواز سنیں اور اللہ کا حکم سمجھ کر ان کی مدد کریں۔ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کیلئے فرقہ واریت ختم کرنا ہو گی۔ نومنتخب حکومت اس کیلئے واضح لائحہ عمل ترتیب دے۔ مسلمانوں کو باہم لڑانا اور قتل و غارت گری صلیبیوں و یہودیوں کا ایجنڈا ہے۔ ہمیں ملک کو دشمن قوتوں کی سازشوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ علماء کرام اور حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ کشمیر میں روزانہ بے گناہ نوجوانوں کو فرضی جھڑپوں میں شہید کیا جارہا اور ان کی املاک برباد کی جارہی ہیں لیکن کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں ہے۔ ایک دن قبل بھی آٹھ کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔ حکومت کو غاصب بھارتی فوج کی اس ریاستی دہشت گردی پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے اور تمام بین الاقوامی فورمز پر انڈیا کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنا چاہیے۔ حکمران مظلوموں کی مدد کریں گے تو اللہ تعالیٰ انہیں ملک و قوم کی خدمت کی توفیق سے بھی ضرور نوازے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان قیامت تک اگر کسی اسلامی ریاست کو نمونہ کے طور پر پیش کر سکتے ہیں تو وہ مدینہ کی ریاست ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو بھی مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کی بات کی ہے۔ یہ بہت شاندار اور عظیم مشن ہے لیکن یہ بات محض ایک سیاسی نعرہ نہیں ہونی چاہیے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ فرقہ واریت مسلمانوں کیلئے زہر قاتل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس سے امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ہمیں مسلمانوں کے باہمی لڑائی جھگڑے ختم اور مسلمانوں کو ایک ملت بنانا ہے۔ فقہی اختلافات ہمیشہ سے رہے ہیں لیکن فرقہ واریت کی بنیاد پر شدت نہیں ہونی چاہیے۔ مسلمانوں کا ایک دوسرے کیخلاف فتوے لگا کرقتل و غارت گری کی آگ بھڑکانا اسلامی شریعت میں جائز نہیں ہے۔ فرقہ واریت ختم کئے بغیر اسلامی ریاست تشکیل نہیں دی جاسکتی۔ ہمیں اسلام اور مسلمانوں کے دفاع کیلئے بیرونی سازشوں کو سمجھنا ہو گا۔