عوام کے حقوق پر حکومتیں اندھی، بہری اور گونگی بن جاتی ہیں: سراج الحق
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے آئین پر عمل کرنے اور عوام کو ان کے آئینی حقوق دینے کی بجائے آئین کو اپنے اختیارات میں اضافے کے لیے استعمال کیا۔ جہاںعوام کے حقوق کی بات ہوتی ہے وہاں حکومتیں اندھی بہری اور گونگی بن جاتی ہیں۔ موجودہ حکومت کی طرف سے ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے اور پچاس لاکھ لوگوں کو چھت مہیا کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ عوام چاہتے ہیںکہ جتنا جلد ممکن ہو، اس اعلان پر عمل ہونا چاہئے، یہ قوم پر حکمرانوں کا بہت بڑا احسان ہوگا۔ ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی طرف نہ جانے اور مزید قرضہ نہ لینے کا حکومتی اعلان بھی قابل ستائش ہے۔ حکومت نے اگر بجلی گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو عام آدمی پس جائے گا اس لئے حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو۔ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر، انڈسٹریل شہر اور معاشی حب تھا جسے حکمرانوں کی پالیسیوں نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ گیس کی بندش اور بدترین لوڈشیڈنگ سے سینکڑوں کارخانے بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔ موجودہ حکومت کو فوری طور پر اس طرف توجہ دینا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیصل آباد میں اجتماع ارکان سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں مقصود احمد،اظہر اقبال حسن اور حافظ بلال قدرت بٹ بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت کو سابقہ حکومتوں کی طرح عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے عا م آدمی کو ریلیف دینے کی طرف توجہ دینا ہوگی ۔ غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کی وجہ سے عوام کا جینا دو بھر ہوگیا تھا ۔ پی ٹی آئی حکومت کو مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافہ کے مشورے دینے والے مشیروں کے مشوروں پر کان نہیں دھرنا چاہیے اور مہنگائی بے روزگاری اور ٹیکسوں میں کمی کر کے عوا م کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں ۔ ایسے مشیر حکومت کے دوست نہیں دشمن ہیں ۔ حکومت کو امیروں سے ٹیکس لے کر غریبوں پر خرچ کرنا چاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پانامہ کے دیگر 436 ملزموں کے خلاف سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن موجود ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کو جلد سنا جائے اور قومی دولت چوری کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ ہماری نسلوں کا مستقبل ڈیموں کی تعمیر سے وابستہ ہے ۔ پانی کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کیا جاسکتا ۔ جماعت اسلامی ڈیموں کی تعمیر کی سب سے بڑی حامی ہے۔ بیرونی بنکوں میں موجود 375 ارب ڈالر کا خطیر سرمایہ واپس لایا جائے۔