صاف پانی سے سڑکیں، گاڑیاں دھونا پودوں کو لگانا سمجھ سے بالا ہے:لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے صاف پانی کے ضیاع کے خلاف دائر ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر 17 ستمبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حیرت کا اظہار کیا کہ صاف پانی کے ساتھ سڑکیں، گاڑیاں دھونا اور پودوں کو پانی لگانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ صاف پانی محفوظ کرنا اہم نوعیت کا معاملہ ہے اس میں تاخیر نہیں کی جاسکتی۔ لاہور ہائیکورٹ نے بیرسٹر سہیل بابر سمیت تین عدالتی معاون مقرر کر دیئے۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ نہروں کا پانی پودوں کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔ ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری ہاؤسنگ کو بھی طلب کرلیا۔ درخواست گزاروں کے مطابق شہر میں صاف پانی سے سڑکیں دھوئی جاتی ہیں اور صاف پانی کو دیگر کاموں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طرح ایک بہت بڑی مقدار میں پانی ضائع ہو جاتا ہے۔