لاہور: ڈاکوئوں نے مزاحمت پر چھری کے وار کر کے خاتون کو زخمی کر دیا
لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر معمر خاتون کو چھریاں مار کرشدید زخمی کر دیا ہے۔ لوئرمال کے علاقہ ملک پارک کے رہائشی شاہد محمود کے گھر ایک خاتون سمیت تین مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور انہوں نے اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 10 لاکھ روپے کی نقدی و زیورات لوٹ لئے۔ اس دوران مزاحمت کر نے پر ایک ڈاکو نے شاہد کی والدہ محمود بیگم کو چھری سے وار کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ جنوبی چھائونی کیولری گرائونڈ میں واقع طارق ایاز کے دفتر سے تین ڈاکو 8لاکھ روپے نقدی، مصطفی آباد میں محمد علی اور اس کی فیملی سے4 لاکھ روپے کی نقدی و موبائل فون، مانگا منڈی کچی حویلی کے رہائشی رفیق کے گھرسے ڈھائی لاکھ روپے کی نقدی اور سامان، کاہنہ گجومتہ میں واقع جاوید اقبال کی سویٹس شاپ سے تین ڈاکوئوں نے ملازمین اور گاہگوں کو یرغمال بنا کر 68ہزار روپے نقدی اور 8موبائل فون، ملت پارک میں انیل سے 90 ہزار روپے، مناواں میں شاہد سے 55ہزارروپے اور موٹر سائیکل، گجر پورہ میں امین سے 55ہزار روپے، سبزہ زار میں تاج سے 33ہزارروپے اور موبائل فون، مانگا منڈی میں ساجد سے 32 ہزار روپے اور موبائل فون، چوہنگ میں سعدیہ سے 26ہزار روپے اور موبائل فون،مسلم ٹائون میں عمار سے 19ہزارروپے اور موبائل فون،اچھرہ میں راشد سے13ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے غالب مارکیٹ سے قدیر، ستوکتلہ سے منیرکی کاریں جبکہ نیو انارکلی سے برہان، اچھرہ میں راحیل، بادامی باغ میں عامر، لیاقت آباد میں افضل،شفیق آباد میں وقار، نصیرآباد میں قاسم، رائیونڈ میں نذیر، نواب ٹائون میں نبیل، سبزہ زار میں راشد جبکہ ہنجروال سے حمزہ کی موٹر سائیکلیں چوری کرلی ہیں۔