وزیراعلیٰ کا صوبے کی ترقی و خوشحالی کا عزم
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے دعوے نہیں عملی اقدامات کریں گے۔ عمران خان کے ویژن کے تحت پنجاب کی محرومیاں دور کریں گے اور تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں بہتری لا کر حقیقی تبدیلی لائیں گے۔
اقتدار مں آنے والی ہر حکومت نے ملک کے تمام حصوں میں ترقی و خوشحالی کے وعدے کئے۔ اگر یہ وعدے ایفا ہوئے ہوتے تو پسماندگی اور محرومیوں کی بحث ختم ہو چکی ہوتی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی پسماندہ علاقوں کو اپنی ترجیح میں رکھنے کا پروگرام دیا ہے جس کیلئے وزیراعظم اور ان کی ٹیم بشمول وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار‘ پرعزم نظر آتی ہے۔ کچھ کر گزرنے کا عزم ہو تو مشکلات کم ہوتی چلی جاتی ہیں۔ پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرنا کوئی ناممکنات میں سے نہیں۔ فنڈ ایمانداری سے استعمال ہوں تو بہت کچھ ہو سکتا ہے۔ بدقسمتی سے فنڈز کو بھی سیاسی رشوت کے طورپر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہی کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کا نفاذ ہے۔ اس سے صورتحال میں بہتری پیدا ہونے کے روشن امکانات ہیں۔ پنجاب اور مرکزی حکومت اپنے ایجنڈے میں کامیاب ہوتی ہے تو یقینا پورے ملک میں پسماندگی کا خاتمہ اور محرومیوں کا ازالہ ہو سکے گا۔