متحدہ عرب امارات: پاکستانی شہری کو ڈکیتی کے جرم میں جیل بھیج دیا گیا
دبئی(آئی این پی)متحدہ عرب امارات کی ایک عدالت نے پاکستانی شہری کو ڈکیتی کے جرم میں جیل بھیج دیا، پاکستانی شہری نے نیپالی شخص سے 2 لاکھ 93 ہزار درہم کی خطیر رقم لوٹی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی عدالت نے نیپالی شخص سے 2 لاکھ 93 ہزار درہم کی خطیر رقم لوٹنے پر پاکستانی شہری کو سزا سناتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کی عدالت نے ہائی وے پر ایک غیر ملکی شخص سے لاکھوں درہم لوٹنے کے جرم میں پاکستانی شہری کو سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر بھیج دیا۔اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 30 سالہ پاکستانی شخص نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہائی وے پر کالی مرچ کا سپرے کرکے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ایک نیپالی شخص سے 2 لاکھ 93 ہزار درہم کی رقم لوٹی تھی۔عدالتی دستاویزات کے مطابق مذکورہ حادثہ رواں برس 22 جون کو جبیل علی پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا تھا جب متاثرہ شخص کو ابوظہبی اور دبئی روڈ پر کار حادثے کے بہانے غیر ملکی ڈاکوں نے لوٹا تھا۔متاثرہ نیپالی شخص کا کہنا ہے کہ میں اپنے ایک دوست کے ہمراہ گاڑی میں کمپنی کے دو لاکھ درہم سے زائد کی رقم لے کر دبئی جارہا تھا لیکن راستے میں ہی لوٹ لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری نے ڈکیتی کے ارادے سے دوران سفر عمداً نیپالی شخص کی کار سے گاڑی ٹکرائی تھی۔