بھیرہ: پشاور سے آئے مسافر سے کروڑوں روپے کی ہیروئن اور منشیات برآمد
بھیرہ ( نامہ نگار) جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ پولیس اٖفسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں قومی جذبہ سے ادا کریں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں کا خاتمہ ہو سکے۔ یہ بات سب ڈویژنل پولیس آفیسر آصف بہادر نے ملتان سمگل کی جانے والی لاکھوں روپیہ کی ہیروئین اور دیگر منشیات کی برآمدگی کے بعد تھانہ بھیرہ میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ سے منشیات فروشی کے خاتمہ اور سٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خاتمہ کے لیے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ایس ایچ او تھانہ بھیرہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 15روز میں انہوں نے کروڑوں روپیہ مالیت کی منشیات جن میں ہیروئین، چرس، شراب وغیرہ شامل ہیں برآمد کر کے خواتین سمیت جرائم پیشہ عناصر کے بین الصوبائی گروہ کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایچ او ملک نسیم نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ حاجی آباد پشاور سے ہیرویئن اور دیگر منشیات کی بھاری مقدار ملتان سمگل کی جا رہی ہے جس پر چھاپہ مار پارٹی نے پشاور سے آنے والے مشکوک مسافر صفی اللہ خان کی تلاشی لی تو اس کے بیگ سے ساڑھے 8کلو ہیروئین کے 17پیکٹ، 1کلو افیون، ایک پیکٹ ٹیکہ پائوڈر اور 5سو گرام گردہ برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم صفی اللہ نے بتایا کہ اس نے پشتو میں ماسٹر کیا ہوا ہے اور وہ ایف آر پشاور سے یہ منشیات لے کر ملتان جا رہا تھا جہاں اس نے موبائل فون پر رابطہ کر کے متعلقہ شخص کے حوالے کرنا تھیں۔