وائرل ویڈیو میں کمسن ملازمہ پر تشدد کرنیوالی خاتون بھارتی شہری نکلی شیریں مزاری کی ٹویٹ میں وضا حت
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک کم سن گھریلو ملازمہ کو بری طرح سے مارنے والی خاتون دراصل بھارتی شہری ہے جو چندی گڑھ میں رہائش پذیر ہے۔ حال ہی میں ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی، جس میں ایک خاتون کو چائے میں پتی زیادہ ڈالنے پر ایک کم سن ملازمہ کو بری طرح تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ویڈیو شیریں مزاری کی نظر سے گزری اور انہوں نے اسے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، کیا کوئی یہ شناخت کرسکتا ہے کہ یہ خاتون کون ہے اور ان کا تعلق کہاں سے ہے۔ بعدازاں انہوں نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سے بچی پر تشدد کرنے والی خاتون کا پتہ لگانے کو کہا تحقیقات کے بعد یہ معلوم ہوا کہ بچی پر تشدد کرنے والی اس خاتون کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر چندی گڑھ سے ہے۔