برطانوی ہائی کمشنر کی وزیر قانون سے ملاقات‘ دوطرفہ امور پر تبادلہ
اسلام آباد (جنرل رپورٹر) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون وانصاف ڈاکٹر محمد فروغ نسیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ باہمی معاملات کا موضوع زیر بحث آیا۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور موجودہ حکومت قانون کی حکمرانی اور دہشتگردی کو روکنے اوراس شراکت کو مزید فروغ دینے کے لئے پرجوش ہے۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملکہ بخاری نے برطانوی حکومت کی کوششوں کو سراہا جن کے تحت خیبر پختونخواہ اور پنجاب کی حکومتیں قوانین کو مضبوط بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو ایک اہم اتحادی سمجھتا ہے۔