افسران ترقی کیس‘ سپریم کورٹ کا معاملہ پر خصوصی بنچ بنانے کا عندیہ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں اعلیٰ آفسران کی ترقیوں سے متعلق کیس کی سماعت عدالت نے معاملے پر خصوصی بنچ تشکیل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے ، معاملے پر سیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے، عدالت نے معاملے پر سنیئر ایڈووکیٹ شعیب شاہین کو عدالتی معاون مقرر کردیا ہے جبکہ کیس کی مزید سماعت دوہفتے تک ملتوی کردی ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی توسیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ٹوٹل 59امیدوار تھے ان میں سے 18نے پرموشن بورڈ کے فیصلے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے جبکہ ان 18میں سے بھی 7آفسران پرموٹ ہوچکے ہیں 11کے معاملے پر کیس کا اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے ، اس حوالے سے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ بھی موجودہے ، چیف جسٹس نے کہا کہ بیورو کریسی کے آفسران آپ کی فیملی کی طرح ہیں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونا چاہئے جب کسی کو بار بار مسترد کیا جائے تو وہ تنگ ہوہی جاتا ہے ، عدالت عظمیٰ کے دیئے گئے فیصلے میں کیری ٹیریا کے مطابق درخواستوں پر نظر ثانی کرنی چاہئے تھی سیکرٹری صاحب آپ ماہر اور تجربہ کار انسان ہیں یہ معاملات حل کریں۔