ووٹرز لسٹوں کی تصدیق اور ان کی تیاری کیلئے خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو 4 ماہ سے معاوضہ نہیں ملا‘ چیف جسٹس وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ
خان گڑھ (نمائندہ نوائے وقت) الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹرز لسٹوں کی تصدیق اور انکی تیاری کے لئے خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ اور دیگر عملہ کو گزشتہ 4 ماہ سے معاوضہ ادا نہیں کیا گیا. جس پر اساتذہ نے احتجاج کیا ہے. متاثرین نے بتایا کہ الیکشن کمشن مظفرگڑھ کی طرف سے پہلے چیک بکس نہ ہونے کا بہانہ بنایا گیا. اور بعد ازاں قومی الیکشن کے انعقاد کی وجہ سے معاوضہ ادا نہ کیا گیا. ان سے سخت گرمی میں فیلڈ ڈیوٹی لی گئی. لیکن تاحال 4 ماہ گزر جانے کے باوجود معاوضہ ادا نہ کرنا زیادتی ہے. ان حلقوں نے بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی درخواستیں دی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے. ان حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار اور وزیر اعظم عمران خان سے نوٹس لے کر انہیں معاوضہ دلوانے کی اپیل کی ہے۔