حضرت امام حسینؓ اور انکے ساتھیوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: ندیم قریشی
ملتان( نامہ نگار خصوصی) رکن صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ سید الشہدا سید امام حسینؓ اور ان کے عظیم رفقائے کار کی میدان کربلا میں لازوال قربانی رہتی دنیا تک ثابت کرتی رہے گی کہ جب ظلم وجبر کسی معاشرے میں عام ہوجائے تو حق وصداقت کا علم ہر صورت سربلند کرنا ہوگا وہ مجلس شہریان ملتان کی جانب سے مسجد دربار غوث بہاء الدین زکریا ملتانی قلعہ کہنہ قاسم باغ پر سالانہ محفل حسینؓہمارے ہیں سے صدارتی خطاب کررہے تھے اس موقع پرخطاب کرنے والوں میں ڈاکٹر پیر طارق چشتی، بابو نفیس انصاری، غلام مصطفیٰ قریشی، شیخ علیم طاہر، راجہ یونس بھٹی، مخدوم نثار احمد، علامہ شبیر احمد گولڑوی، بابا امداد سہروردی ، پیر عامر محمودنقشبندی، عبدالرشید قریشی، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر خالد اشرف خان ، محمد حنیف شیخ، خلیفہ حسان، خلیفہ پیر ضیاء الدین نقشبندی، صاحبادہ سلیم قریشی ، ملک اشفاق اوبھایا بھی شامل تھے ڈاکٹر پیر چشتی نے کہاکہ سیدناامام حسینؓ نواسہ رسولؐ ہیں اور حضرت سیدنا علی ؓ اور بی بی سیدہ فاطمہؓ کے صاحبزادے ہیں انہوں نے زندگی بھر اپنے نانا حضرت محمد مصطفیٰ کی پاکیزہ سیرت پر عمل میں گزاردی۔